آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں ہٹانے میں 6 ماہ لگ سکتے ہیں،پینٹاگون

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی محکمہ جنگ کی جانب سے امریکی کانگریس کو آگاہ کیا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایران کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگوں کو ہٹانے میں 6 ماہ لگ سکتے ہیں۔

امریکی اخبارواشنگٹن پوسٹ کے مطابق ایسی کوئی کارروائی ممکنہ طور پر امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے تک شروع نہیں کی جائے گی جس کا مطلب ہے کہ اس تنازع کے معاشی اثرات رواں سال کے آخر یا اس کے بعد تک جاری رہ سکتے ہیں۔

امریکی اخبار کے مطابق محکمہ جنگ کے ایک سینیئر عہدیدار نے منگل کو ایوانِ نمائندگان کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے ارکان کو ایک خفیہ بریفنگ کے دوران ان تفصیلات سے آگاہ کیا جس پر ڈیموکریٹس اور ریپبلکن دونوں ارکان نے مایوسی کا اظہار کیا۔

رپورٹ کے مطابق اس صورتحال کے نہ صرف معاشی بلکہ امریکا میں سیاسی اثرات بھی ہوسکتے ہیں جس  سے خاص طور پر ریپبلکنز متاثر ہوں گے کیونکہ نومبر میں وسط مدتی انتخابات قریب آ رہے ہیں۔

حالیہ سروے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا جنگ شروع کرنے کا فیصلہ امریکی عوام میں زیادہ مقبول نہیں رہا اور اس نے ان کے سیاسی حامیوں میں بھی تقسیم پیدا کردی ہے۔

سینیئر دفاعی عہدیدار نے قانون سازوں کو بتایا کہ بعض سرنگیں جی پی ایس ٹیکنالوجی کے ذریعے نصب کی گئی ہیں جس کی وجہ سے امریکی افواج کے لیے ان کی بروقت نشاندہی مشکل ہو گئی ہے جبکہ دیگر سرنگیں ایرانی افواج نے چھوٹی کشتیوں کے ذریعے نصب کیں۔

مزید خبریں

Back to top button