کراچی میں بڑی کارروائی: پاکستان اسٹیل ملز سے لوہا و تانبہ چوری کرنے والے دو ملزمان گرفتار

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)پاکستان اسٹیل ملز سے لوہا اور تانبہ چوری کرنے میں ملوث دو ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان ملیر پولیس کے مطابق ایس ایس پی ملیر کی ہدایت پر تھانہ بن قاسم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان خرم ولد بشیر احمد اور محمد یاسین کو حراست میں لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے 24 کلو سے زائد کاپر (تانبہ) برآمد کیا گیا، جبکہ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ اسٹیل مل سے اسکریپ چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں اور چوری شدہ سامان مختلف گوداموں میں فروخت کرتے تھے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان پہلے سے مطلوب تھے اور ان کے نام پولیس کی فہرست میں شامل تھے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔



