چھاچھرو میں بااثر افراد کی زیادتیوں کیخلاف خاتون کا بچوں سمیت پریس کلب پہنچ کر احتجاج

تھرپارکر(میندھرو کاجھروی)چھاچھرو شہر کے منگنہار پاڑے کی رہائشی خاتون سموں زوجہ اکبر منگنہار بچوں سمیت پریس کلب پہنچ کر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ میرا شوہر نابینا ہے اور میں بے گھر ہوں۔ میں کرائے کے ایک کمرے میں رہتی ہوں۔ پڑوس میں رہنے والے منگنہار برادری کے افراد فرید ولد نظر، علی ولد نظر، سلیمان، سکندر، حسن، اشرف اور دیگر نے میرے گھر پر حملہ کرکے مجھے تشدد کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے خلاف میں نے پولیس کو درخواست دی، مگر پولیس نے کوئی انصاف نہیں کیا۔ اب دوبارہ انہی افراد نے گھر پر حملہ کرکے مجھے مارا پیٹا اور گھر کا سامان باہر پھینک دیا۔
متاثرہ خاتون نے کہا کہ میں دوبارہ فریاد لے کر پولیس کے پاس گئی، مگر پولیس میری شکایت سننے کے لیے تیار نہیں۔
خاتون نے ایس ایس پی تھرپارکر اور دیگر حکام سے نوٹس لے کر انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔



