مقبوضہ کشمیر میں پانی کا بحران، بٹامالو کے شہری سڑکوں پر نکل آئے

سرینگر(جانوڈاٹ پی کے\مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی نے بھارتی حکومت کے ترقیاتی دعوؤں کی حقیقت ایک بار پھر آشکار کر دی ہے۔

بین الاقوامی فورمز پر ترقی اور خوشحالی کے دعوے کرنے والی بھارتی حکومت کا اصل چہرہ سری نگر کے علاقے بٹامالو میں واضح طور پر سامنے آگیا ہے۔

بٹامالو کے شگن محلہ میں پانی کی شدید قلت کے باعث شہری احتجاج پر مجبور ہوگئے ہیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار ماہ سے پانی کی سپلائی معطل ہے جس کے باعث روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو چکی ہے۔

مظاہرین کے مطابق خواتین، بزرگ اور بچے سب سے زیادہ مشکلات کا شکار ہیں جبکہ عوام مہنگے داموں نجی ذرائع سے پانی خریدنے پر مجبور ہیں، شہریوں نے جل شکتی محکمہ اور مقامی انتظامیہ کو مکمل طور پر ناکام قرار دیتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کے بلند و بانگ دعوے زمینی حقائق کے برعکس ہیں اور کشمیری عوام آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

علاقہ مکینوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی مسائل اور بنیادی سہولیات کی ابتر صورتحال کا نوٹس لیا جائے اور کشمیری عوام کے جائز مطالبات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button