ماتلی میں تین روزہ بین الکالج جشنِ آزادی اسپورٹس فیسٹیول اختتام پذیر

ماتلی (رپورٹ: اے ایم گدی\ جانو ڈاٹ پی کے) گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج ماتلی میں ضلعی اسپورٹس آفس بدین اور اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ کے زیرِ نگرانی منعقد ہونے والا تین روزہ بین الکالج جشنِ آزادی اسپورٹس فیسٹیول 2026ء کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔
11 سے 13 اگست تک جاری رہنے والے اسپورٹس فیسٹیول میں طالبات نے ٹیبل ٹینس، تھرو بال، رسہ کشی اور شطرنج سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں بھرپور حصہ لیا۔ طالبات نے کھیلوں کے دوران بہترین کارکردگی، نظم و ضبط، ٹیم ورک اور مسابقتی جذبے کا شاندار مظاہرہ کیا۔
اختتامی تقریب میں ریجنل ڈائریکٹر محکمہ تعلیم محمد یوسف خان رحمانی نے بطور مہمان خصوصی جبکہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج ماتلی کی پرنسپل غزالہ اکبر راجپوت نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔ اس موقع پر ضلعی اسپورٹس آفیسر بدین انور علی روشن بھی موجود تھے۔
تقریب کے دوران مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کھلاڑیوں اور ٹیموں میں شیلڈز، میڈلز، انعامات اور نقد رقوم تقسیم کی گئیں، جبکہ فاتح اور رنر اپ ٹیموں کو بھی خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔
مہمان خصوصی محمد یوسف خان رحمانی، ضلعی اسپورٹس آفیسر انور علی روشن اور پرنسپل غزالہ اکبر راجپوت نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
منتظمین کے مطابق اسپورٹس فیسٹیول کا مقصد طالبات کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا تھا۔ ایسی سرگرمیوں سے طالبات میں نظم و ضبط، ٹیم ورک، صحت مند مسابقت اور کھیلوں کے فروغ کے رجحان کو مزید تقویت ملتی ہے۔



