جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے، 11 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

بیروت(مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ جنگ بندی معاہدے کے بعد یہ مہلک ترین حملوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔

لبنان کے وزیراعظم نواف سلام کے مطابق ضلع نبطیہ کے علاقے انصار کے نواح میں ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 3 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔

لبنان کی وزارت صحت کے مطابق دیر الزہرانی قصبے پر کیے گئے ایک اور حملے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوئے۔

اسرائیلی فوج نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے حزب اللہ کے عسکری ڈھانچے کو نشانہ بنایا اور یہ کارروائی اسرائیلی فوجیوں کے خلاف مبینہ حملے کے جواب میں کی گئی۔

لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق ہونے والے عام شہری تھے۔ انہوں نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ کشیدگی میں اضافہ بند کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ لبنانی عوام کی سلامتی اور اپنی سرزمین پر زندگی گزارنے کا حق کسی بھی قسم کی سودے بازی کا موضوع نہیں۔

لبنان کے صدر جوزف عون نے بھی ایک ہی خاندان کے افراد کی ہلاکت اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں امریکی ثالثی میں جاری مذاکرات کے لیے ایک واضح پیغام ہیں۔

دوسری جانب حزب اللہ نے اسرائیلی حملوں، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور زمینی حقائق مسلط کرنے کی کوششوں کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کارروائیوں کا مناسب جواب دیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button