جنوبی کوریا:دنیا کی مہنگی ترین طلاق،عدالت کا معروف بزنس مین کو اپنی سابق بیوی کو 644 ملین ڈالر دینے کا حکم

سئیول(جانوڈاٹ پی کے)عدالت نے شوہر کو اپنی سابق بیوی کو بھاری رقم دینے کا حکم دیا ہے جس نے اس 100 سال کی سب سے مہنگی طلاق بنا دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدی کی سب سے مہنگی طلاق جنوبی کوریا میں دنیا کے معروف میموری چپ بنانے والے ادارے ایس کے ہائنکس کمپنی کے ارب پتی مالک چی تے وون اور سابق صدر کی بیٹی رو سو یونگ کے درمیان ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 65 سالہ چی تے وون کو جنوبی کوریا کی عدالت نے ان کی سابق بیوی رو سو یونگ کو طلاق کے عوض 644 ملین ڈالر ادائیگی کا حکم دیا ہے۔
اس سے قبل سیول ہائی کورٹ نے2024 میں انہیں اپنی سابقہ بیوی کو940 ملین ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا تھا، جس پر چی تے وون نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔
عدالت عظمیٰ نے اپیل کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ دیا کہ رو سو کو جوڑے کے ازدواجی اثاثوں کے ایک تہائی کے برابر نقد ادائیگی ملنی چاہیے اور معاوضے کی ادائیگی میں کمی کرتے ہوئے 644 ملین ڈالر کی ادائیگی کا حکم دیا۔
عدالت کے طیصلے پر مقامی میڈیا نے اس کو صدی کی سب سے مہنگی طلاق قرار دیا ہے۔ تاہم یہ فیصلہ ابھی حتمی نہیں ہے، کیونکہ دونوں فریق اسے دوبارہ سپریم کورٹ میں لے جا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ چی تے وون کی 1988 میں اس وقت رو سو سے شادی ہوئی تھی، جب رو سو کے والد رو تے وو ملک کے صدر تھے۔ جوڑے میں اس وقت اختلاف سامنے آیا جب چی نے 2017 میں ثالثی کی کوشش ناکام ہونے پر عدالت میں طلاق کی درخواست دی تھی۔ 2022 سے عدالتوں میں علیحدگی کے اس مقدمے پر لڑ رہے ہیں۔



