صومالیہ میں قزاقوں کے خلاف آپریشن، پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے اقدامات شروع

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان نے صومالیہ کے ساحل پر قزاقوں کے قبضے سے آئل ٹینکر ایم ٹی آنر 25 کی بازیابی کے دوران جاں بحق اور زخمی ہونے والے پاکستانی شہریوں سمیت زندہ بچ جانے والے عملے کی وطن واپسی کے لیے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے واقعے میں پاکستانی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دستیاب رپورٹس کے مطابق آپریشن کے دوران پانچ افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوئے، جبکہ جہاز کو بازیاب کرا لیا گیا۔دفتر خارجہ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں تین پاکستانی شہری رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق واقعے میں چار افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں تین پاکستانی شہری شامل ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق زندہ بچ جانے والے عملے کو بحفاظت بندر بیلا، صومالیہ پہنچا دیا گیا ہے، جبکہ جبوتی میں پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم بھی پاکستانی شہریوں کی معاونت کے لیے بندر بیلا روانہ ہوگئی ہے۔پاکستانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستانی شہریوں کی محفوظ وطن واپسی اور جاں بحق افراد کی میتوں کی پاکستان منتقلی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں صومالی حکام سمیت متعلقہ فریقین سے مسلسل رابطے میں ہے۔واضح رہے کہ ایم ٹی آنر 25 کو 21 اپریل 2026 کو صومالیہ کے قریب قزاقوں نے ہائی جیک کیا تھا۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق اس وقت جہاز پر 17 رکنی عملے میں 10 پاکستانی شہری شامل تھے اور حکومت پاکستان نے ان کی رہائی کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں کی تھیں۔

مزید خبریں

Back to top button