وزیراعظم کی سالڈ ویسٹ سے بجلی پیدا کرنے کیلئے جامع روڈ میپ اور ٹاسک فورس بنانے کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے اہم اجلاس کی صدارت کی. وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسلام آباد سمیت ملک بھر میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا جدید اور پائیدار نظام متعارف کرایا جائے.
وزیراعظم نے اجلاس میں سالڈ ویسٹ سے بجلی پیدا کرنے کیلئے جامع روڈ میپ تیار کرنے کا فیصلہ کیا. وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ سالڈ ویسٹ سے توانائی بنانے کے حوالے سے ایک جامع لائحہ عمل تجویز کرنےکیلئے ٹاسک فورس بنائی جائے.
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ ٹاسک فورس جدید ٹیکنالوجی اور عالمی تجربات کی روشنی میں سفارشات مرتب کرے گی. ٹاسک فورس کے حوالے سے ہدایت دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مجوزہ ٹاسک فورس میں نجی شعبے اور بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی شمولیت یقینی بنائی جائے.
وزیرِ اعظم نے اپنی گفتگو میں کہا کہ سالڈ ویسٹ سے توانائی پیدا کرنے سے درآمدی ایندھن پر انحصار مزید کم ہو گا اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہو گی. سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ایک بہتر نظام سے کاربن فٹ پرنٹ میں بھی خاطر خواہ کمی ممکن ہوگی. پائیدار ترقی کیلئے توانائی کے ماحول دوست قابل تجدید ذرائع استعمال میں لانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے.
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، علی پرویز ملک، اویس احمد خان لغاری، وزیراعظم کے مشیران رانا ثناء اللہ اور محمد علی کے ساتھ ساتھ متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔



