"جب ہم آزاد کشمیر میں جیت رہے ہیں تو کہا جا رہا ہے کہ دھاندلی ہو گئی”مریم اورنگزیب

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے): آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے نتائج کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان لفظی محاذ آرائی مزید شدت اختیار کر گئی۔ سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ "جب ہم آزاد کشمیر میں جیت رہے ہیں تو کہا جا رہا ہے کہ دھاندلی ہو گئی۔”

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ جب گلگت بلتستان کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی تھی تو وزیراعظم نے انہیں مبارکباد دی تھی، مگر آج آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر بلاجواز دھاندلی کا شور مچایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ہزاروں ووٹ کاسٹ ہوتے ہیں، ایسے میں ایک یا دو ووٹوں پر غلط مہر لگنے کا حوالہ دے کر پورے انتخابی عمل کو متنازع قرار دینا مناسب نہیں۔

سینئر وزیر پنجاب کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے پولنگ شروع ہونے کے فوراً بعد ہی دھاندلی کے الزامات عائد کرنا شروع کر دیے تھے، جبکہ صبح ساڑھے دس بجے ہی شکست کا تاثر دیتے ہوئے پریس کانفرنس بھی کر دی گئی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) گولی اور گالم گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ ان کے مطابق ایک مقام پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی، جس کے دوران ایک بزرگ شخص کو دل کا دورہ پڑا، تاہم پیپلز پارٹی نے اسے فائرنگ کا واقعہ قرار دے کر سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور انتخابات ہر سیاسی جماعت کی کارکردگی کا امتحان ہوتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے پیپلز پارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ عوامی حمایت حاصل کرنا چاہتی ہے تو سندھ میں اپنی کارکردگی بہتر بنائے، کیونکہ عوام کارکردگی کی بنیاد پر ہی ووٹ دیتے ہیں۔ ان کے بقول انتخابی نتائج واضح کر رہے ہیں کہ عوام کا اعتماد اور جوش و جذبہ کس جماعت کے ساتھ ہے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلی، بے ضابطگیوں اور تشدد کے الزامات عائد کرتے ہوئے متعدد شکایات الیکشن کمیشن میں جمع کرا چکی ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) ان الزامات کو مسلسل مسترد کر رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button