راجہ پرویزاشرف نےدھاندلی الزامات کی بوچھاڑ کردی،چیف الیکشن کمشنرکوبھی’’شست‘‘پر لےلیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے آزاد جموں و کشمیر انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے ان کی جماعت کی کسی ایک شکایت کا بھی مؤثر جواب نہیں دیا۔

وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی کے پولنگ ایجنٹس اور ووٹرز کو مختلف مقامات پر زبردستی پولنگ اسٹیشنوں سے نکالا گیا، جس سے انتخابی عمل کی شفافیت متاثر ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران ایسے تمام حربے استعمال کیے گئے جن سے نتائج پر سوالات جنم لے رہے ہیں، اور موجودہ صورتحال میں یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ انتخابات کا تیسرا مرحلہ مکمل طور پر شفاف انداز میں منعقد ہوگا۔

راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنا چیف الیکشن کمشنر کی بنیادی ذمہ داری تھی، تاہم اس حوالے سے بھی سنگین کوتاہیاں سامنے آئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک بڑی جمہوری جماعت ہے جو ووٹ کے تقدس اور جمہوری عمل پر یقین رکھتی ہے، لیکن انتخابی عمل کے دوران پیش آنے والے واقعات کے مثبت اثرات نظر نہیں آ رہے۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے جاں بحق کارکن مشتاق شاہ کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

راجہ پرویز اشرف نے واضح کیا کہ اگرچہ پاکستان پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کی اتحادی ہے، تاہم یہ اتحاد صرف پاکستان کے وسیع تر قومی مفاد کے لیے قائم کیا گیا ہے اور اس کا مطلب یہ نہیں کہ پارٹی اصولی مؤقف سے دستبردار ہو جائے۔

مزید خبریں

Back to top button