پٹرول بحران پرحکومت کابڑا فیصلہ،ملک میں’’اسمارٹ لاک ڈاؤن‘‘کی تیاری،سرکاری و نجی دفاتر میں4روزکام کی تجویز

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں اور ایندھن کی کھپت کم کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے ’’پیٹرولیم اسمارٹ لاک ڈاؤن‘‘ نافذ کرنے کی تیاری شروع کردی، بڑے فیصلے کا اعلان آج شام متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اہم اجلاس میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات، ایندھن کی بچت اور نقل و حرکت محدود کرنے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے سرکاری و نجی دفاتر میں ہفتے کے صرف 4 روز کام کی تجویز زیر غور ہے، جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تعطیلات دینے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔
حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ اور غیر ضروری نقل و حرکت کم کرنے کے لیے سرکاری ملازمین کو روٹیشن بنیادوں پر دفاتر بلانے کے فارمولے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بازاروں کو ہفتے میں 3 روز بند رکھنے اور کاروباری مراکز کے اوقات کار محدود کرنے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔
اگر یہ تجاویز منظور ہوگئیں تو ملک میں معمولاتِ زندگی اور کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق ’’پیٹرولیم اسمارٹ لاک ڈاؤن‘‘ کے حوالے سے حتمی فیصلہ آج شام متوقع ہے، جس کے بعد حکومت کی جانب سے نئی حکمت عملی اور ممکنہ اقدامات کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔



