پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کا احتجاج، اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، کنٹینرز پہنچا دیئے گئے

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی جانب سے احتجاج کی کال کے بعد وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی انتظامات سخت کردیئے گئے، ڈی چوک سمیت اہم شاہراہوں اور حساس مقامات کے راستے بند کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔
ذرائع کے مطابق احتجاجی مظاہرین کو ڈی چوک تک پہنچنے سے روکنے کے لیے مختلف مقامات پر کنٹینرز نصب کیے جائیں گے، جبکہ شہر کے متعدد اہم مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیئے گئے ہیں۔
اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس نے احتجاج کے پیش نظر اضافی سیکیورٹی اقدامات شروع کردیئے ہیں۔ اہم شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کے ساتھ ساتھ داخلی و خارجی راستوں پر پولیس اہلکاروں کی تعداد بھی بڑھائی جارہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم سرکاری عمارتوں اور حساس مقامات کے اطراف بھی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے، جبکہ ممکنہ احتجاج کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے۔
حکام کے مطابق امن و امان برقرار رکھنے اور حساس مقامات کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے مزید کنٹینرز اور اضافی نفری کی تعیناتی بھی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔



