’’مجھے کیوں بلایا؟ موبائل واپس کیوں نہیں کیا؟‘‘محمد رضوان نے این سی سی آئی اے کو جواب بھیج دیا

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کو بذریعہ کورئیر اپنا جواب ارسال کردیا، جس میں انہوں نے این سی سی آئی اے کی جانب سے طلب کیے جانے اور موبائل فون واپس نہ کرنے پر متعدد سوالات اٹھا دیے۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان کی جانب سے بھیجے گئے جواب میں سوال کیا گیا ہے کہ ’’آپ نے مجھے بلایا کیوں تھا؟‘‘ رضوان نے این سی سی آئی اے سے طلبی کی وجوہات واضح کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان نے خط میں یہ بھی استفسار کیا کہ ان کا موبائل فون ابھی تک واپس کیوں نہیں کیا گیا؟
قومی کرکٹر نے مبینہ طور پر این سی سی آئی اے سے یہ سوال بھی کیا کہ انہوں نے کون سے ڈسپلن کی خلاف ورزی کی ہے، اس کی وضاحت کی جائے۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان نے اپنے جواب میں مزید پوچھا کہ ’’میں جاننا چاہتا ہوں کہ آپ لوگ مجھے کس وجہ سے بلا رہے ہیں؟‘‘
این سی سی آئی اے کی جانب سے قومی کرکٹر سے متعلق معاملے میں مزید کارروائی یا جواب سامنے آنے کے بعد صورتحال واضح ہونے کا امکان ہے۔
رضوان کا یہ جواب ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ان کے اور امام الحق کے حوالے سے سائبر کرائم تحقیقات کے سلسلے میں این سی سی آئی اے کی جانب سے وضاحت طلب کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔



