تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی

گھوٹکی (رپورٹر وجے کمار چاولہ)ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی نے کہا ہے کہ حکومت سندہ کی جانب سے ضلع گھوٹکی کے اسکولوں کو علیحدہ بجٹ فراہم کیا گیا ہے، اس لیے ہیڈ ماسٹرز کا فرض بنتا ہے کہ وہ اپنے اسکولوں کی حالت بہتر بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی دفتر میں تعلیمی اصلاحات کے لیے قائم ڈسٹرکٹ سروس ڈلیوری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ای اوز سیکنڈری و پرائمری، سی ایم او عمران علی سیال اور ٹی ای اوز نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے 135 اسکولوں کی مرمت کے لیے اسکیم رکھی گئی ہے جبکہ حکومت سندہ کی جانب سے سیکنڈری اور پرائمری اسکولوں کو مرمت، فرنیچر اور اسٹیشنری کی مد میں بجٹ فراہم کیا گیا ہے، اس لیے اب ہیڈ ماسٹرز کو چاہیے کہ وہ اپنے اسکولوں کی بہتری کے لیے مخلصانہ کردار ادا کریں، خصوصاً فرنیچر کی کمی کو ختم کیا جائے تاکہ طلبہ کو درپیش مشکلات کم ہوسکیں۔ اجلاس کے دوران انہوں نے ڈی ای اوز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مسلسل غیر حاضر رہنے والے اساتذہ کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کو رپورٹ ارسال کی جائے، تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور جن اسکولوں کو بجٹ فراہم کیا گیا ہے ان کے ڈی ڈی اوز کی رہنمائی کی جائے تاکہ بجٹ کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جاسکے۔ قبل ازیں سی ایم او عمران علی سیال نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 74 پرائمری اور 51 سیکنڈری اسکولوں کے اساتذہ مسلسل غیر حاضر ہیں جبکہ 286 اسکولوں کی عمارتیں خستہ حالی کا شکار ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button