سندھ کا ترقیاتی بجٹ 2026-27 کیلئے 900 ارب روپے سے زائد تجویز

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ حکومت نے مالی سال 2026-27 کے لیے سالانہ ترقیاتی بجٹ کی تیاری مکمل کر لی ہے، جس کا مجموعی حجم 900 ارب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
دستاویزات کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کے تحت 522 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، جبکہ رواں مالی سال یہ رقم 520 ارب روپے تھی۔
ترقیاتی بجٹ میں غیر ملکی امداد سے چلنے والے منصوبوں کے لیے 296 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں کم ہے۔
اسی طرح وفاقی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 50 سے 60 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، جبکہ رواں مالی سال یہ رقم 76 ارب روپے تھی۔
ضلعی ترقیاتی پروگرام کے لیے 50 ارب روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے، جو گزشتہ سال کے 55 ارب روپے کے مقابلے میں معمولی کمی کو ظاہر کرتی ہے۔
حکام کے مطابق مجموعی ترقیاتی حکمتِ عملی میں جاری منصوبوں کی تکمیل اور وسائل کے مؤثر استعمال کو ترجیح دی گئی ہے۔



