سندھ کا آئندہ مالی سال کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے آئندہ مالی سال 27-2026 کے لئے 3400 ارب روپے سے زائد کا بجٹ آج پیش ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بجٹ پیش کریں گے، 720 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ میں 3715 سے زائد سکیمیں شامل ہیں، سندھ کی مجموعی آمدن کا 73 فیصد این ایف سی پر انحصار ہوگا۔
بجٹ کے دوران تنخواہوں میں 10 اور پنشن میں 8 فیصد اضافہ متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ کا مجموعی ترقیاتی بجٹ رواں سال کے مقابلے میں 28 فیصد کم ہوگا، سندھ ڈویلمپنٹ بجٹ میں 256 ارب روپے فارن پراجیکٹ اسسٹنس کے لئے مختص کئے گئے ہیں، سندھ بجٹ میں پی ایس ڈی پی 68 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
ڈسڑکٹ اے ڈی پی 55 ارب روپے سے کم کر کے 15 ارب روپے کرنے کی تجویز ہے، صوبائی ترقیاتی پروگرام 385 ارب روپے کا ہوگا، سندھ ترقیاتی بجٹ میں 3594 جاری سکیمز شامل ہیں۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں غیر منظور شدہ 120 سکیمز شامل ہیں، محکمہ بلدیات کی 972 فراہمی و نکاسی آب ڈرینج کی 830 سکیمز سندھ بجٹ کا حصہ ہیں، محکمہ ورکس اینڈ سروسز کی 297 ایجوکیشن سیکٹر کی 655 سکیمز سندھ بجٹ کا حصہ ہے۔
قیام امن سے متعلق اداروں کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 6300 ملین روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، ڈویژنل ہیڈکوارٹرز سکیمز کیلئے 1500 ملین روپے مختص، فاسٹ ٹریک جاری سکیمز کی تکمیل کا بجٹ 6000 ملین روپے مختص کیا گیا ہے، جبکہ پسماندہ اضلاع کی سکیمز کیلئے 250 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔
دوسری جانب بجٹ اجلاس سے قبل سندھ کابینہ کا اجلاس آج صبح 11 بجے ہوگا، اجلاس میں رواں مالی سال کے ضمنی اخراجات پیش کئے جائیں گے۔
سندھ کابینہ کو چیئرمین پی اینڈ ڈی سالانہ ترقیاتی پروگرام پر بریفنگ دیں گے، سندھ کابینہ آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ تجاویز کی منظوری دے گی۔
سندھ کابینہ سے گزشتہ اجلاسوں کے منٹس، سرکولیشن سمری اور فنانس کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق لی جائے گی۔



