شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کی وفات پر پاکستان کی قیادت کا اظہارِ افسوس، قطر سے یکجہتی کا اعلان

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم امیر نے قطر کی ترقی اور خوشحالی میں تاریخی کردار ادا کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے نام تعزیتی پیغام میں سابق امیر کی وفات پر قطر کی حکومت اور عوام سے اظہارِ تعزیت کیا۔ صدر مملکت نے شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سابق امیر قطر کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی ایک عظیم رہنما اور مدبر سیاست دان تھے، جنہوں نے قطر کو جدید اور خوشحال ریاست بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، حکومت اور عوام قطر سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم شیخ حمد کی پاکستان سے محبت اور خلوص کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی سابق امیر قطر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے اپنے دور حکومت میں قطر کی جدید ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم خدمات انجام دیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ مرحوم امیر کی دور اندیش قیادت اور خطے میں امن کے لیے کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے آل ثانی خاندان، امیر قطر، حکومت قطر اور قطری عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ قطر کے امیری دیوان نے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال کا اعلان کیا تھا۔ مرحوم موجودہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے والد تھے۔

مزید خبریں

Back to top button