پمز سانحہ: وزیراعظم نے سیکرٹری صحت کو فوری معطل کر کے عہدے سے ہٹا دیا

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے پمز اسپتال میں پیش آنے والے سانحے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وفاقی سیکرٹری صحت اسلم غوری کو معطل کرکے عہدے سے ہٹا دیا، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں پمز اسپتال میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے اور اس کے محرکات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ذمہ داران کے تعین اور واقعے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات پر بھی غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی سابق سیکرٹری داخلہ شاہد خان کے سپرد کردی۔ کمیٹی واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ تحقیقات شفاف، غیر جانب دارانہ اور میرٹ پر مکمل کی جائیں اور غفلت یا کوتاہی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
واضح رہے کہ پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں متعدد نومولود بچوں کی اموات ہوئی ہیں، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے اسپتال کے حفاظتی انتظامات اور ممکنہ غفلت پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔



