وزیراعظم شہباز شریف سے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کایا کالاس کی ملاقات، تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے یورپی یونین کی خارجہ امور اور سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ اور یورپی کمیشن کی نائب صدر کایا کالاس نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، معاونِ خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کایا کالاس کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنی کثیرالجہتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے یورپی یونین-پاکستان اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں دور کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، سلامتی، ہجرت، پائیدار ترقی اور رابطہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے جی ایس پی پلس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سہولت نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے خلیجی خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت پر یورپی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ان کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے جنوبی ایشیا اور افغانستان سے متعلق پاکستان کا مؤقف بھی یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کے سامنے رکھا اور یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لاین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر کایا کالاس نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مزید وسعت دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button