شعبہ صحت میں اصلاحات اور پولیو کے خاتمے کیلئے کوششیں قابلِ ستائش، وزیراعظم


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفی کمال نے ملاقات کی، جس میں وزارتِ صحت سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر صحت نے شعبہ صحت میں جاری اور آئندہ منصوبوں کے حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ دی اور مختلف اصلاحاتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شعبہ صحت میں جاری اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے پولیو، ہیپاٹائٹس اور دیگر موذی امراض کے خاتمے کیلئے وزارتِ صحت کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قومی صحت کے منصوبوں پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات میسر آ سکیں۔