پی ٹی آئی میں ناراضگی کی تصدیق، شوکت یوسفزئی نے اندرونی اختلافات پر اہم بیان دے دیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے پارٹی کے بعض رہنماؤں میں ناراضگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اختلافات موجود ہیں، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی الگ گروپ تشکیل دیا جا رہا ہے یا حکومت کو کوئی خطرہ لاحق ہے۔
نجی ٹی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور ناراض رہنماؤں کو منانے کی کوشش کر رہے ہیں اور پارٹی کے اندر موجود معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض رہنماؤں کے چھوٹے چھوٹے تحفظات اور مسائل ہیں، جنہیں جلد دور کر لیا جائے گا۔ پارٹی قیادت اختلافات کو بڑھانے کے بجائے انہیں ختم کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور نے بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر استعفیٰ دیا تھا، اس لیے دونوں کے درمیان کسی بڑے تنازع کی بات درست نہیں۔ اگر کوئی غلط فہمی موجود ہے تو وہ بھی جلد دور ہو جائے گی۔
انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ پارٹی کے اندرونی اختلافات کسی بڑے سیاسی بحران یا دھڑے بندی کی شکل اختیار کر رہے ہیں، اور کہا کہ تحریک انصاف متحد ہے اور اپنے سیاسی اہداف کے حصول کے لیے کام جاری رکھے گی۔



