ایم کیو ایم لسانی تقسیم اور نفرت کو ہوا دے رہی ہے، شرجیل میمن

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم قیادت جس زبان کا استعمال کر رہی ہے، وہ ناقابل برداشت ہے، ایم کیو ایم فتنہ و افراتفری اور 90 کی دہائی کی سیاست چاہتی ہے، تاہم ان کی سازش ناکام بنائیں گے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مصطفیٰ کمال اور خالد مقبول صدیقی 1990 کی دہائی والی سیاسی راہ پر چل رہے ہیں۔ کراچی کو بھتہ خوری، بوری بند نعشوں، اغوا برائے تاوان اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست ایم کیو ایم نے دی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی صوبوں کے حوالے سے اپنا فیصلہ قرارداد کے ذریعے دے چکی ہے، ایم کیو ایم فساد و فتنے کو ہوا دے کر نفرت کے بیج بونا چاہتی ہے۔ اردو بولنے والوں کی اکثریت خود کو سندھی سمجھتی ہے، لیکن ایم کیو ایم لسانی بنیادوں پر ایک بار پھر تقسیم اور نفرت کو ہوا دے رہی ہے۔

سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ حکومت کو مصنوعی کہنے والی ایم کیو ایم پہلے اپنا مینڈیٹ تو ثابت کرے، ایم کیو ایم والے جب مینڈیٹ کی بات کرتے ہیں تو لوگوں کو ہنسی آجاتی ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی اصلی اکثریت کا سب کو علم ہے، اگر ان کے پاس اکثریت ہوتی تو وہ بلدیاتی انتخابات سے فرار اختیار نہ کرتے۔

مزید خبریں

Back to top button