کراچی میں ڈبل ڈیکر اور ای وی بسوں کی بڑی تعداد شامل کرنے کا اعلان، سندھ حکومت کا ٹرانسپورٹ نظام اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ


کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ رواں سال کراچی کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام میں ڈبل ڈیکر اور جدید الیکٹرک (ای وی) بسوں کی بڑی تعداد شامل کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ بسیں مرحلہ وار مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی تاکہ شہریوں کو بہتر، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق سندھ حکومت پبلک ٹرانسپورٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے وژن پر تیزی سے کام کر رہی ہے اور پیپلز بس سروس کی کامیابی کے بعد اب ای وی اور ڈبل ڈیکر بسوں کا دائرہ مزید بڑھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ای وی بسیں نہ صرف ماحول دوست ہوں گی بلکہ کم لاگت اور آرام دہ سفر بھی فراہم کریں گی، جبکہ ڈبل ڈیکر بسیں کراچی کی خوبصورتی اور ٹرانسپورٹ کلچر کو نئی پہچان دیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کا یہ اقدام صرف بسوں میں اضافہ نہیں بلکہ جدید کراچی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔