ایم کیو ایم بے بنیاد الزامات کے سہارے اپنی سیاست زندہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، شرجیل میمن


کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم بے بنیاد الزامات کے سہارے اپنی سیاست زندہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی سیاست ہمیشہ نعروں، الزامات اور بحران پیدا کرنے کے گرد گھومتی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے صوبائی خودمختاری، آئینی اختیارات اور بلدیاتی نظام کو متنازع بنانے کی کوشش کی، جبکہ کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبے زمینی حقائق ہیں جنہیں کسی بھی پروپیگنڈے سے جھٹلایا نہیں جا سکتا۔
سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ کراچی کسی ایک جماعت کی جاگیر نہیں بلکہ پاکستان کا معاشی مرکز ہے۔ ان کے بقول جو عناصر ترقی کے ہر قدم پر تنقید کو اپنا سیاسی ہتھیار بناتے ہیں، وہ درحقیقت اپنے سیاسی زوال کا اعتراف کر رہے ہوتے ہیں۔