شرجیل میمن کی زیرصدارت فلم اوورسائیٹ بورڈ کااجلاس، سندھ کی فلم انڈسٹری کے فروغ کیلئے نئی حکمتِ عملی پر غور

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کے فلم اوورسائیٹ بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ اطلاعات کے تحت جاری فلمی منصوبوں پر پیش رفت، ان کی تکمیل، مستقبل کی حکمت عملی اور فلمی صنعت کے فروغ سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات کاشف گلزار شیخ، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات معز پیرزادہ، ڈائریکٹر فلمز حزب اللہ میمن، بورڈ ممبران ژالے سرحدی، وقاص رضوی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران محکمہ اطلاعات کے زیر انتظام تیار کیے جانے والے فلمی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ فلموں کی پروجیکشن، ملکی و بین الاقوامی سطح پر ڈسٹری بیوشن، مختلف فلم فیسٹیولز میں شرکت، نجی شعبے کے ساتھ اشتراک، ڈیجیٹل ریلیز اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تشہیری حکمت عملی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا کے ذریعے سندھ حکومت کے فلمی منصوبوں کو مؤثر انداز میں متعارف کرانے کے مختلف پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا تاکہ ان منصوبوں کی رسائی زیادہ سے زیادہ عوام تک یقینی بنائی جا سکے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت فلم اور تخلیقی صنعت کے فروغ کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری فلمیں ملک اور صوبے کی ثقافت، تاریخ، سیاحت اور سماجی اقدار کو دنیا کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں، اس لیے فلمی منصوبوں میں اعلیٰ معیار، جدید تقاضوں اور بین الاقوامی معیار کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جا رہا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز فلموں کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، لہٰذا او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے سندھ حکومت کے فلمی منصوبوں کو وسیع پیمانے پر متعارف کرایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلم انڈسٹری کے فروغ سے نہ صرف نوجوان تخلیق کاروں، ہدایت کاروں، مصنفین اور فنکاروں کو نئے مواقع میسر آئیں گے بلکہ سندھ کی مثبت اور روشن تصویر بھی قومی اور بین الاقوامی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر ہوگی۔



