کراچی میں شارع فیصل پر لین خلاف ورزی پر ای چالان سسٹم نافذ، سخت مانیٹرنگ شروع


کراچی(جانوڈاٹ پی کے) ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو مؤثر بنانے کیلئے شہر کی اہم شاہراہ شاہراہ فیصل پر آج سے لین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف ای چالان نظام نافذ کر دیا گیا ہے۔
کراچی ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام ابتدائی طور پر صرف شارع فیصل تک محدود ہے، تاہم آئندہ مرحلے میں اسے شہر کی دیگر بڑی شاہراہوں تک توسیع دی جائے گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق سڑک پر نصب کیمروں کے ذریعے لین ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کی نشاندہی کی جائے گی، جس کے بعد ای چالان براہ راست شہریوں کے موبائل فون یا گھر کے پتے پر ارسال کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانا، حادثات میں کمی لانا اور سڑکوں پر نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اس نظام کے آغاز سے قبل شہریوں کو آگاہی مہم کے ذریعے مطلع کیا گیا تھا تاکہ وہ نئے ٹریفک قوانین سے واقف ہوں۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ لین ڈسپلن کا خاص خیال رکھیں اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔