فارورڈ بلاک کی باتیں محض قیاس آرائیاں،اگر کوئی رکن ایسی حرکت کرے گا تو خیبرپختونخوا کی زمین اس پر تنگ کر دی جائے گی، شفیع جان


پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ صوبے میں فارورڈ بلاک بننے کی خبریں بے بنیاد ہیں، اگر کوئی رکن ایسی حرکت کرے گا تو خیبرپختونخوا کی زمین اس پر تنگ کر دی جائے گی۔
ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو تمام ارکان اسمبلی کا مکمل اعتماد حاصل ہے اور انہیں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے نامزد کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی رکن بانی پی ٹی آئی کی پالیسی سے انحراف کرے گا، وہ اپنی سیاسی زندگی خود ختم کر لے گا۔ ان کے بقول سابق وزرائے اعلیٰ محمود خان اور پرویز خٹک اس کی مثال ہیں۔
شفیع جان نے فارورڈ بلاک سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 20، 30 یا 50 ارکان کے الگ ہونے کی باتیں کی جا رہی ہیں، لیکن کسی کے پاس ایک بھی ایسا نام نہیں جو سامنے آ کر اس دعوے کی تصدیق کرے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جس نے بھی انتخاب جیتا، وہ بانی پی ٹی آئی کے ووٹوں کی بدولت کامیاب ہوا، کسی کے پاس ذاتی ووٹ بینک نہیں۔ اگر کسی کو اپنی مقبولیت پر یقین ہے تو وہ آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ کر دیکھ لے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس شروع ہو چکا ہے اور تمام قیاس آرائیاں جلد دم توڑ جائیں گی۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں تمام ارکان متحد ہیں اور پارٹی کے اندر کسی قسم کا فارورڈ بلاک موجود نہیں۔