یومِ فضائیہ: شاہینوں کی شجاعت اور قربانیوں کو سلام

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) 7 ستمبر شجاعت، غیرت اور پاک فضائیہ کے لازوال کارناموں کا وہ تاریخ ساز دن ہے جو ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کر دیتا ہے۔
1965ء کی جنگ ہو یا دفاعِ وطن کا کوئی بھی کٹھن مرحلہ، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے ہمیشہ دشمن کے عزائم خاک میں ملائے۔ ایئر کموڈور سجاد حیدر کی قیادت میں پٹھان کوٹ ایئربیس پر کارروائی ہو یا ایم ایم عالم کا سرگودھا کے محاذ پر غیر معمولی کارنامہ، یہ واقعات پاک فضائیہ کی تاریخ کے روشن ابواب ہیں۔
پاک فضائیہ کے شاہینوں کی جرأت، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ 1965ء سے آج تک جب بھی وطن کے دفاع کا وقت آیا، ان بہادر سپوتوں نے دشمن کی ہر چال کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
2025ء کے معرکے میں بھی پاک فضائیہ نے بھارت کے خلاف 0-6 کی تاریخی برتری حاصل کرکے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت اور دفاعی عزم کا اظہار کیا۔
آسمانوں پر بلند ہوتی شاہینوں کی پرواز محض طاقت کی علامت نہیں بلکہ ان فولادی بازوؤں کی داستان ہے جو دن رات وطن کی سرحدوں کی نگہبانی کرتے ہیں۔
پاک فضائیہ کے جری شاہین کل بھی قوم کا غرور تھے، آج بھی ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔



