پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع، ڈرون اُڑانے پر پابندی برقرار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) حکومت پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر صوبہ بھر میں دفعہ 144 کے تحت کھلی فضا میں ڈرون اُڑانے پر عائد پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آؤٹ ڈور ڈرون کے استعمال پر مکمل پابندی برقرار رہے گی، جبکہ انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہالز اور مارکیز کے اندر ہونے والی تقریبات میں چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی، تاہم ان ڈرونز کے محفوظ استعمال کی مکمل ذمہ داری تقریب کے منتظمین پر عائد ہوگی۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے یہ احکامات ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت جاری کیے ہیں۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ عوامی تحفظ، امن و امان کے قیام اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ صوبہ بھر کی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button