سانحہ دیر کالونی: سکول کی عمارت ناقص میٹریل سے تعمیر ہونے کا انکشاف

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) سانحہ دیر کالونی سے متعلق ایس ایس پی آپریشنز نے رپورٹ سی سی پی او پشاور کو ارسال کر دی، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سکول کی عمارت پرانی تھی اور اس کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال کیا گیا تھا، جبکہ شکایات کے باوجود سکول انتظامیہ نے کوئی کارروائی نہیں کی۔

رپورٹ کے مطابق صبح 9 بج کر 5 منٹ پر تھانہ آغا میر جانی کو سکول کی عمارت منہدم ہونے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد متعلقہ پولیس افسران نفری کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کو بھی طلب کر لیا گیا تاکہ امدادی کارروائیاں شروع کی جا سکیں۔

ایس ایس پی آپریشنز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سکول کی عمارت کا انفراسٹرکچر ناقص تھا اور اس حوالے سے شکایات بھی سامنے آئی تھیں، تاہم سکول انتظامیہ کی جانب سے ان شکایات کے ازالے کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔

پولیس کے مطابق سکول کی عمارت منہدم ہونے کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات اور ذمہ داران کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران عمارت گرنے کی اصل وجہ معلوم کی جائے گی اور غفلت کے مرتکب افراد کی نشاندہی کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button