بھارتی پنجابی اداکارہ سرگن مہتا پاکستانی ڈراموں کی مداح نکلیں

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی پنجابی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ سرگن مہتا نے پاکستانی ڈراموں اور فنکاروں کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں باقاعدگی سے پاکستانی ڈرامے دیکھتی ہوں۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈراموں کی کئی بڑی شخصیات میرے پسندیدہ اداکاروں میں شامل ہیں۔

لندن میں اپنی نئی فلم کی تشہیری مہم کے دوران ایک پاکستانی صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے سرگن مہتا نے کہا کہ میں آپ لوگوں کے تقریباً تمام ڈرامے دیکھ چکی ہوں، شاید آپ سے بھی زیادہ، ہمایوں سعید، ماہرہ خان، ہانیہ عامر اور بلال عباس سمیت میں آپ کو ایک لمبی فہرست دے سکتی ہوں، مجھے پاکستانی ڈرامے بہت پسند ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں جب سرگن مہتا نے پاکستانی شوبز انڈسٹری کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا ہو، 2022ء میں ایک انٹرویو کے دوران بھی انہوں نے خود کو پاکستانی ڈراموں کی سب سے بڑی مداح قرار دیا تھا۔

انہوں نے اس وقت کہا تھا کہ میں پاکستانی ڈراموں کی بہت بڑی فین ہوں، میں ہمیشہ ڈراموں کی فہرست بناتی ہوں اور 3 سے 4 دن کے اندر مکمل ڈرامہ دیکھ لیتی ہوں، میرا سب سے پسندیدہ ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ ہے جسے میں 3 بار دیکھ چکی ہوں۔

سرگن نے اس موقع پر میرے پاس تم ہو اور رقیب سے کی بھی تعریف کی اور کہا کہ رقیب سے اپنے وقت سے بہت آگے اور شاندار انداز میں لکھا گیا ڈرامہ تھا۔

واضح رہے کہ سرگن مہتا بھارتی پنجابی سنیما کی نمایاں اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔

انہوں نے 2015ء میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا، جس کے بعد کئی کامیاب فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

دوسری جانب ان کی نئی فلم ’کیری آن جٹا 4‘ 26 جون 2026ء کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button