بلوچستان زلزلہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، بحالی تک ہر ممکن تعاون جاری رہے گا، سرفراز بگٹی

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جامع جائزہ لیا جا رہا ہے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ تحصیل کنگری، ضلع موسیٰ خیل سمیت زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ حکومت بلوچستان ہر متاثرہ شہری کی مکمل بحالی تک ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریلیف، بحالی اور تعمیرِ نو کے تمام اقدامات شفافیت، تیز رفتاری اور مؤثر انداز میں جاری رکھے جائیں گے تاکہ متاثرین کو جلد از جلد معمول کی زندگی کی طرف واپس لایا جا سکے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں 19 افراد زخمی ہوئے جبکہ 125 مکانات کو نقصان پہنچا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی تھی کہ زلزلہ متاثرین کو فوری اور ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔



