نئے صوبے لسانی نہیں، انتظامی بنیادوں پر بننے چاہئیں،سرفراز بگٹی

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے نئے صوبوں کی حمایت کرتے ہوئےکہا ہےکہ کوئٹہ سے بیٹھ کر پورے بلوچستان کو کنٹرول کرنا ممکن نہیں، نئے صوبے بنیں تو لسانی نہیں انتظامی بنیادوں پر بننے چاہئیں۔

سینئر صحافیوں سے ویڈیو لنک کے ذریعےگفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز مشکل حالات میں فرائض انجام دے رہی ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاستی ادارے ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں، ریاست کے خلاف بندوق اٹھانے والوں سے کسی صورت بات چیت نہیں ہوگی۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ  دہشت گردی کسی ایک صوبے کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے اور اس کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، بلوچستان میں آخری دہشت گرد کی موجودگی تک جنگ جاری رہےگی، دہشت گردی کےخلاف سول و عسکری قیادت متفق اور یکسو ہے،کوئی ابہام نہیں۔

 وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کسی ڈھائی ڈھائی سالہ حکومتی معاہدے کا انہیں علم نہیں ہے، حکومت میں تبدیلی کا فیصلہ سیاسی قیادت نے کرنا ہے۔ میں جب تک منصب پر ہوں عوام کی خدمت جاری رکھوں گا، بلوچستان میں ماضی کے مقابلے میں کرپشن میں کمی آئی ہے، تعلیمی اداروں سمیت تمام سرکاری محکموں میں میرٹ یقینی بنانےکے اقدامات جاری ہیں، بلوچستان کے ترقیاتی منصوبے ماضی کے مقابلے میں ریکارڈ مدت میں مکمل ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان سے 11 لاکھ افغان مہاجرین سمیت دیگر غیر ملکیوں کو ان کے وطن واپس بھیجا گیا ہے۔لاپتا افراد کا مسئلہ بعض اوقات درست تناظر کے بغیر پیش کیا جاتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button