شادی کی جلدی نہیں، صحیح شخص کا انتظارکرنا بہتر ہے،سارہ علی خان

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی وڈ اداکارہ سارہ علی خان کا کہنا ہے کہ انہیں شادی کیلئے کوئی جلدی نہیں ہے، صحیح شخص سے شادی کیلئے انتظار کرنا بہتر ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سارہ علی خان ان دنوں اپنی نئی فلم ‘پتی پتنی اور وہ دو’ کی پروموشن میں مصروف ہیں، جس کیلئے وہ مختلف پروگرامز میں شرکت کررہی ہیں۔
حال ہی میں سارہ علی خان نے ایک انٹرویو دیا جس میں انہوں نے شادی، تعلقات اور صحیح لائف پارٹنر کی تلاش سے متعلق بات کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے ذاتی تجربات اور اپنے ارد گرد کے رشتوں کا مشاہدہ کیا ہے جس کی وجہ سے شادی سے متعلق ان کی ایک سوچ بنی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ شادیاں ہمیشہ اس طرح نہیں ہوتیں جس طرح لوگوں کی توقع ہوتی ہے، لوگ اکثر زندگی میں جو کچھ دیکھتے ہیں اس سے متاثر ہوتے ہیں، اور میں نے بھی اپنے آس پاس کے تجربات سے سیکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دباؤ یا توقعات کی وجہ سے رشتے میں جلدی کرنے کے بجائے صبر کے ساتھ انتظار کرنا اور صحیح شخص سے شادی کرنا بہتر ہے۔
موجودہ ترجیحات سے متعلق بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ اس وقت ان کی توجہ اپنے کیرئیر پر ہے، سنجیدہ رشتے کو اپنانے سے پہلے وہ خودمختار ہونا چاہتی ہیں، اگر صحیح شخص ان کی زندگی میں قدرتی طور پر آتا ہے، تو چیزیں صحیح وقت پر ہوں گی۔



