جو غلطی کی ہی نہیں، اس کا بھی جرمانہ ہو گیا، صنم جنگ ای چالان سے پریشان

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستانی اداکارہ صنم جنگ پاکستان میں ایک ماہ میں 6 مرتبہ جرمانے سے پریشان ہوگئیں۔
انسٹاگرام پر شیئر ویڈیو میں صنم جنگ نے کراچی میں ای چالان کے تحت بار بار کیے جانے والے جرمانے کا ذکر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ’مجھے پاکستان آئے ہوئے ایک مہینہ ہوا اس دوران مجھ پر 6 جرمانے ہوچکے ہیں‘۔
صنم جنگ نے مزید کہا کہ بار بار جرمانہ ہونے پر میرے ابو بہت غصے میں ہیں اور میں پریشان ہوں، پہلی بار جو جرمانہ ہوا وہ فون پر بات کرنے پر ہوا، وہ میری غلطی تھی کیوں کہ میں فون پر بات کر رہی تھی جسے ویڈیو میں بھی دیکھا گیا لہٰذا اس کا جرمانہ بنتا تھا لیکن اس کے بعد مجھ پر ان غلطیوں کے بھی جرمانے ہو رہے ہیں جو میں نے کی ہی نہیں جیسے کہ سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر بھی جرمانہ ہوا۔
اداکارہ نے وضاحت دی کہ میں ہمیشہ سیٹ بیلٹ پہن کر رکھتی ہوں کیونکہ پاکستان سے باہر رہنے کی وجہ سے یہ میری عادت بن گئی ہے، میں سیٹ بیلٹ پہننے کے بعد ہی گاڑی اسٹارٹ کرتی ہوں، اب مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ یہ کیا سین ہے کہ جو کام میں نے نہیں کیا اس پر بھی جرمانہ ہو رہا ہے اور مجھے گھر پر ڈانٹ الگ پڑ رہی ہے۔



