ہاکی لیجنڈ سمیع اللہ کا قومی ٹیم کو بھارت کے خلاف میچ سے قبل اہم مشورہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان ہاکی کے لیجنڈ اور قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر اولمپئن سمیع اللہ خان نے بھارت کے خلاف ورلڈ کپ کے اہم میچ سے قبل قومی ٹیم کو دفاع مضبوط بنانے اور حریف کو ابتدائی پنالٹی کارنر دینے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ایک انٹرویو میں سمیع اللہ خان نے کہا کہ گزشتہ میچز میں پاکستان ٹیم کی ڈی میں کلیئرنس تسلی بخش نہیں رہی، اس لیے دفاعی کمزوریوں پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو پنالٹی کارنر کم سے کم دینے ہوں گے کیونکہ جدید ہاکی تیز رفتار ہو چکی ہے اور کھلاڑیوں کو ہر لمحہ الرٹ رہنا ہوگا۔
انہوں نے قومی ٹیم کی فارورڈ لائن کو مشورہ دیا کہ حملے کے دوران کبھی دائیں اور کبھی بائیں جانب سے اٹیک کیا جائے تاکہ بھارتی دفاع پر دباؤ بڑھایا جا سکے۔ سمیع اللہ خان کے مطابق دنیا بھر کی ٹیموں کا دفاع مضبوط ہے، اس لیے پاکستان کو جارحانہ کھیل کے ساتھ ساتھ دفاع میں بھی نظم و ضبط برقرار رکھنا ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے لیے بھارت کے خلاف یہ مقابلہ کرو یا مرو کی حیثیت رکھتا ہے۔ ویلز کے خلاف گزشتہ میچ 3-3 سے برابر ہونے کے بعد قومی ٹیم کو اگلے مرحلے میں رسائی کی امید برقرار رکھنے کے لیے کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔ سمیع اللہ خان نے بھی اس مقابلے کو پاکستان کے لیے انتہائی مشکل قرار دیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈ کپ کا ہائی وولٹیج مقابلہ آج 19 اگست کو شیڈول ہے، جس پر دونوں ٹیموں کی اگلے مرحلے تک رسائی کا دارومدار ہے۔



