عمر کا اثر یا بیماری؟ سلمان خان کی نئی ویڈیو نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی ایک حالیہ عوامی تقریب میں شرکت کے بعد ان کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جہاں مداحوں کی توجہ ان کی نئی فلم کے بجائے ان کی جسمانی حالت پر مرکوز رہی۔
سلمان خان نے ممبئی میں سلم ری ہیبلیٹیشن اتھارٹی (SRA) کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جدید ڈیٹا کلیکشن اینڈ ویریفکیشن سپورٹ سینٹر (آئی ٹی سرور روم) کا افتتاح کیا اور مستحق افراد میں گھروں کی چابیاں بھی تقسیم کیں۔
تقریب کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد متعدد سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ سلمان خان پہلے کے مقابلے میں زیادہ کمزور اور دبلا دکھائی دے رہے ہیں، جس کے باعث ان کی صحت سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔
ایک صارف نے لکھا، "وہ بیمار لگ رہے ہیں، اللہ انہیں صحت دے”، جبکہ دوسرے نے تبصرہ کیا، "لگتا ہے انہیں صحت کا کوئی مسئلہ درپیش ہے۔” ایک اور مداح نے جذباتی انداز میں سوال کیا، "میرے کنگ کو کیا ہو گیا؟”
بعض مداحوں نے کہا کہ ابتدا میں وہ سلمان خان کو پہچان ہی نہیں سکے، تاہم ان کے دیرینہ باڈی گارڈ شیرا کو دیکھ کر یقین ہوا کہ ویڈیو میں موجود شخصیت واقعی سلمان خان ہیں۔
دوسری جانب کئی مداح اداکار کے دفاع میں بھی سامنے آئے۔ ایک صارف نے لکھا کہ "اپنی عمر کو عوامی طور پر قبول کرنا ہمت کی بات ہے، سلمان خان اس لیے قابلِ احترام ہیں کہ وہ کیمروں کے سامنے اپنی اصل شخصیت کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔”
واضح رہے کہ سلمان خان کی صحت کے حوالے سے تاحال ان کی ٹیم یا اہل خانہ کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، اس لیے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی قیاس آرائیوں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔



