سلمان خان کی درخواست پر عدالت نے فلم ‘کالا ہرن’ کیخلاف نوٹس جاری کردیا

نئی دہلی: بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے مجوزہ فلم ’کالا ہرن: دی بیٹل فور جسٹس‘ کی ریلیز روکنے کے لیے دلی ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
درخواست میں سلمان خان کا مؤقف ہے کہ فلم سازوں نے ان کی شخصیت، تشہیری حقوق اور عوامی شناخت سے متعلق عناصر کو بغیر اجازت استعمال کیا ہے، جس سے ناظرین میں غلط تاثر پیدا ہو سکتا ہے۔
اداکار کی قانونی ٹیم کے مطابق فلم کے ابتدائی پوسٹر میں بعض ایسی علامتیں اور خصوصیات موجود ہیں جو سلمان خان کی عوامی شخصیت سے مشابہت رکھتی ہیں۔ درخواست میں خاص طور پر اس بریسلٹ کا ذکر کیا گیا ہے جو سلمان خان کے مشہور فیروزی بریسلٹ سے ملتا جلتا دکھایا گیا ہے۔
قانونی ٹیم نے عدالت کو بتایا کہ فلم کے بعض کرداروں یا مناظر کو ناظرین اداکار سے منسلک کر سکتے ہیں، جبکہ درخواست میں کالے ہرن کے شکار سے متعلق پرانے مقدمے کا حوالہ دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اس سے اداکار کی ساکھ متاثر ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب فلم کے پروڈیوسر امیت جانی نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم سلمان خان کی زندگی پر مبنی نہیں، بلکہ اس کا موضوع بشنوئی برادری اور جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق ہے۔
دلی ہائیکورٹ نے درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ کیس کی آئندہ سماعت اگلے ہفتے مقرر کی گئی ہے۔



