سندھ محکمہ لائیواسٹاک و فشریز کا ماہی گیروں کے لیے ہنگامی الرٹ،یکم تا2اگست گہرے سمندرمیں داخلہ ممنوع

سجاول (جانوڈاٹ پی کے) محکمہ لائیواسٹاک و فشریز سندھ نے خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر ماہی گیروں کے لیے ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے یکم سے 2 اگست تک گہرے سمندر میں داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

ترجمان محکمہ فشریز سندھ کے مطابق یہ فیصلہ پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ موسمی الرٹ کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ سمندر میں متوقع طوفانی صورتحال اور خراب موسم کے باعث ماہی گیروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دو روز تک گہرے سمندر کا رخ کرنے سے مکمل گریز کریں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ساحلی علاقوں میں موجود تمام کشتیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ یکم اور 2 اگست کو مچھلی کے شکار کے لیے روانہ ہونے والی کشتیوں کو فوری طور پر واپس لانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

محکمہ لائیواسٹاک و فشریز سندھ نے ماہی گیروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے متبادل انتظامات کے لیے متعلقہ ٹیموں کو بھی متحرک کر دیا ہے۔

ترجمان نے ماہی گیروں پر زور دیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔

محکمہ نے واضح کیا ہے کہ اگلے حکم تک گہرے سمندر میں داخلہ ممنوع رہے گا، جبکہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button