روس کا کیف میں بڑے حملوں کا اعلان، لاوروف نے امریکی وزیر خارجہ کو آگاہ کر دیا

ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا ہے کہ روس کیف میں یوکرینی فوجی تنصیبات پر حملے شروع کر رہا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق یہ کارروائی روسی سرزمین پر شہری آبادی اور سول تنصیبات کے خلاف کیف حکومت کے مسلسل حملوں کے جواب میں کی جا رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ روسی مسلح افواج یوکرینی فوج کی ضروریات کیلئے استعمال ہونے والی تنصیبات اور اہم فیصلہ ساز مراکز کو نشانہ بنائیں گی۔
واضح رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ میں شدت برقرار ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے پر شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔



