یوکرین جانیوالے ترک جہاز پر روسی ڈرون حملہ


کیف(مانیٹرنگ ڈیسک) یوکرین کے نائب وزیرِ اعظم اولیکسی کولیبا کے مطابق یوکرین جانے والے ترک مال بردار جہاز پر روسی ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک مصری شہری ہلاک ہو گیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر بتایا کہ ہلاک ہونے والا 58 سالہ شخص جہاز پر باورچی کے فرائض انجام دے رہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق جہاز کے عملے میں مصر، ترکیہ اور بھارت کے شہری شامل تھے، جبکہ حملے کے دوران جہاز کو شدید نقصان پہنچا۔
یوکرینی نائب وزیرِ اعظم کے مطابق جہاز کے 8 ملاح لائف رافٹس کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل ہو گئے ہیں اور ان کی حالت محفوظ بتائی جا رہی ہے۔
یہ واقعہ بحیرہ اسود میں جاری کشیدگی اور روس-یوکرین جنگ کے دوران سمندری تجارتی راستوں پر بڑھتے ہوئے خطرات کو مزید نمایاں کرتا ہے۔