موڑ کھنڈا میں گھر کی چھت گرنے کا واقعہ، 7 زخمی ہسپتال منتقل

ننکانہ صاحب(جانوڈاٹ پی کے) ننکانہ صاحب کے نواحی علاقے موڑ کھنڈا میں گھر کی چھت گرنے کے واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں نے فوری کارروائی شروع کر دی۔
اطلاعات کے مطابق ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر رائو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ماہین فاطمہ، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ندا اقبال اور دیگر متعلقہ افسران جائے حادثہ پر موجود ہیں اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
Rescue 1122 کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے ڈپٹی کمشنر کو جاری ریسکیو آپریشن کے بارے میں بریفنگ دی۔ ریسکیو ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور متاثرین کو امداد فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق امدادی کارروائیوں کے دوران 7 زخمیوں کو نکال کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ندا اقبال اور دیگر افسران موقع پر موجود رہ کر امدادی ٹیموں کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ ریسکیو آپریشن مؤثر انداز میں جاری رکھا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔



