ڈیفنس کراچی میں فوڈ ڈیلیوری رائیڈر کی ہلاکت کا کیس: مفرور کار ڈرائیور گرفتار


کراچی (جانوڈاٹ پی کے) کراچی کے علاقے ڈیفنس راحت پارک کے قریب فوڈ ڈیلیوری رائیڈر کو ٹکر مار کر فرار ہونے والے مفرور کار ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان ساؤتھ انویسٹیگیشن پولیس کے مطابق کارروائی تکنیکی بنیادوں پر کی گئی جس میں ملزم کو ٹریس کر کے حراست میں لیا گیا۔ پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جب ڈرائیور گاڑی کو قابو نہ رکھ سکا۔
ایس ایس پی ساؤتھ انویسٹیگیشن توحید رحمان کے مطابق حادثے میں نجی فوڈ کمپنی کا رائیڈر ذیشان موقع پر جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ 10 مئی کو تھانہ گزری میں درج کیا گیا تھا۔
پولیس نے ملزم حمزہ شمیم کی زیر استعمال گاڑی بھی برآمد کر لی ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔