ریاض میں گیس سلنڈر دھماکہ، 6 پاکستانی جاں بحق

ریاض(ویب ڈیسک) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں گیس سلنڈر دھماکے کے افسوسناک واقعے میں 6 پاکستانی شہری جاں بحق ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ شب ریاض کے علاقے منفوحہ میں گیس سلنڈر دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد متاثر ہوئے، جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں چھ اوورسیز پاکستانی بھی شامل ہیں۔
پاکستانی سفارت خانے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جاں بحق افراد کی میتوں کی وطن واپسی اور دیگر قانونی کارروائیوں کے لیے سعودی حکام سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔
سفارت خانے کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن قونصلر معاونت فراہم کی جا رہی ہے اور تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔
واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ سعودی حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔



