کشمیریوں کی امنگوں کو جبر سے نہیں دبایا جا سکتا، پاکستان حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا، اسحاق ڈار

مظفرآباد (جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کے لیے مسلسل جدوجہد اس بات کی یاد دہانی ہے کہ کسی قوم کی امنگوں کو جبر اور تشدد کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

یومِ سیاہ جموں و کشمیر کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں ریلی نکالی گئی، جس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے نمائندوں، دفتر خارجہ کے حکام اور ارکانِ پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج سرینگر میں داخل ہوئی، جس کے بعد جموں و کشمیر کی تاریخ کے ایک طویل اور دردناک دور کا آغاز ہوا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تقریباً آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود کشمیری عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت تسلیم شدہ حقِ خودارادیت سے محروم ہیں۔ ان کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کئی دہائیوں سے بنیادی آزادیوں پر پابندیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں، تاہم ان کا عزم اور استقامت برقرار ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ کشمیری نسلوں کی قربانیاں انصاف، امن اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے حق کے لیے ان کی جدوجہد کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تنازع کے منصفانہ، پرامن اور پائیدار حل کے لیے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر بین الاقوامی تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے بقول بعد ازاں ہونے والی قانون سازی، بنیادی آزادیوں پر پابندیوں، آبادیاتی و سیاسی تبدیلیوں اور کشمیری سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کی مسلسل نظر بندی نے عوام میں عدم تحفظ اور احساسِ محرومی کو مزید گہرا کیا ہے۔

وزیر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال عالمی برادری کی مسلسل توجہ اور عملی اقدامات کی متقاضی ہے۔

اسحاق ڈار نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے مصائب کے خاتمے اور ان کے بنیادی حقوق کے احترام کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان ہر متعلقہ بین الاقوامی فورم پر کشمیری عوام کا مقدمہ اٹھاتا رہے گا اور ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

مزید خبریں

Back to top button