پنجاب میں سفارش کا دور ختم، ظالم کتنا ہی امیر ہو قانون سے نہیں بچ سکتا، مریم نواز

منڈی بہاء الدین (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں سفارش کا زمانہ ختم ہو چکا ہے، ظالم کتنا ہی امیر یا بااثر کیوں نہ ہو، اسے قانون کی گرفت سے نہیں بچنے دیا جائے گا، جرم کرنے والا خواہ ان کی اپنی جماعت سے تعلق رکھتا ہو، اس کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔
منڈی بہاء الدین کی یونیورسٹی آف رسول میں لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالرشپ کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ اگر کوئی امیر زادہ یا بااثر شخص عوام پر ہاتھ اٹھائے گا تو قانون اسے نہیں چھوڑے گا۔ خواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنانے والوں کو خبردار کرتی ہوں کہ جرائم کی دنیا چھوڑ دیں، بصورت دیگر انہیں کسی قسم کی رعایت نہیں ملے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بعض ملزمان عدالتوں سے ضمانت حاصل کرکے باہر آجاتے ہیں۔ وہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے ملاقات کریں گی تاکہ ایسے جرائم میں ملوث افراد کو ایسی سزا ملے کہ وہ رہائی کے بعد بھی اپنے عمل پر شرمندگی محسوس کریں۔ انہوں نے پٹرول پمپ پر تشدد کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں ملزم کو اگلے ہی روز ضمانت مل گئی تھی۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سکالرشپس اور لیپ ٹاپ کی تقسیم میں مکمل میرٹ کو یقینی بنایا گیا ہے اور کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ کسی کو سفارش یا میرٹ کے خلاف کوئی سہولت ملی۔ پنجاب میں ہر کام کی ایک ہی چابی ہے اور وہ سو فیصد میرٹ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مجرم خواہ ان کی اپنی جماعت سے ہی کیوں نہ ہو، اسے نہیں چھوڑا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب اب مظلوم کے ساتھ کھڑا ہے اور امن و امان کی صورت حال میں بہتری سے بچیوں کو حوصلہ ملا ہے۔ ملتان میں یتیم بچے کو گاڑی تلے کچلنے کا واقعہ آج بھی ان کے ذہن میں ہے۔ انہوں نے بائیک سوار خاتون پر تشدد اور پٹرول پمپ پر پیش آنے والے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کو انصاف دلانا ضروری ہے۔
مریم نواز شریف نے طلبہ و طالبات سے خطاب میں کہا کہ حکومت بچوں کو لیپ ٹاپ، الیکٹرک بسیں، کروم بکس اور سکالرشپس فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ نوجوانوں کو چاند اور ستارے بھی لا کر دے سکیں، تاہم بدلے میں انہیں صرف یہ چاہیے کہ نوجوان پاکستان سے وفاداری کریں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
تقریب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے ضلع منڈی بہاء الدین کے کالجوں اور جامعات کے طلبہ و طالبات میں ہونہار سکالرشپ کے چیکس اور لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔ منڈی بہاء الدین آمد پر مختلف مقامات پر ان کا استقبال کیا گیا، شہریوں نے ان کی گاڑی پر پھول نچھاور کیے اور خوشی کا اظہار کیا۔



