ریسکیو 1122 کی جانب سے 8 محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس پر خصوصی ایمرجنسی کوریج جاری

اوکاڑہ(رپورٹ وحید آرائیں /جانو ڈاٹ پی کے ) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارۂ امتیاز، تمغۂ امتیاز) کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ریسکیو 1122 اوکاڑہ کی جانب سے محرم الحرام کے ایمرجنسی کوریج پلان کے تحت 8 محرم الحرام کے عزاداری جلوسوں اور مجالس پر خصوصی ایمرجنسی ڈیوٹیاں سرانجام دی جا رہی ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کی زیرِ نگرانی ضلع بھر میں عزاداران کو بروقت طبی امداد اور ہنگامی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ریسکیورز کو مختلف جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر تعینات کیا گیا ہے۔ میڈیکل اور ایمرجنسی پوسٹس پر موجود ریسکیو اہلکار ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔ ایمرجنسی کوریج کے لیے موٹر بائیک ایمبولینسز، ایمبولینسز اور ریسکیو پوسٹس کے ذریعے خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ریسکیو 1122 کے تحصیل انچارجز اپنی اپنی تحصیلوں میں ایمرجنسی کوریج پلان پر عملدرآمد کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں تاکہ عزاداران کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں فوری ریسپانس یقینی بنایا جا سکے۔ ماتمی جلوسوں میں قائم ریسکیو پوسٹس کے ذریعے زخمیوں اور مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ریسکیو 1122 اوکاڑہ کی جانب سے محرم الحرام کی خصوصی ڈیوٹیوں کے ساتھ ساتھ معمول کی تمام ایمرجنسی سروسز بھی بلا تعطل جاری رکھی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو ہر قسم کی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر امداد فراہم کی جا سکے



