جہلم کے قریب راول ایکسپریس پٹری سے اتر گئی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) جہلم کے قریب کالا گجراں ریلوے اسٹیشن پر راولپنڈی سے لاہور جانے والی مسافر ٹرین راول ایکسپریس پٹری سے اتر گئی، تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ریلوے ذرائع کے مطابق راول ایکسپریس رات ساڑھے 12 بجے راولپنڈی سے لاہور کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ ٹرین کالا گجراں اسٹیشن پہنچی تو بریک فیل ہونے کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی۔

ریلوے حکام کے مطابق حادثے میں ٹرین کا انجن اور 3 بوگیاں متاثر ہوئیں، تاہم کسی مسافر کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

حادثے کے بعد متعلقہ عملے نے موقع پر صورتحال کا جائزہ لینا شروع کردیا، جبکہ متاثرہ ٹرین کی بحالی اور ریلوے ٹریک کو معمول کے مطابق کھولنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق حادثے کے باعث ٹرین سروس کے معمول کے شیڈول کے متاثر ہونے کا امکان ہے، تاہم حادثے کی مزید تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔

مزید خبریں

Back to top button