روس کا نیٹو کے خلاف نیا محاذ؟ ڈنمارک کی انٹیلی جنس نے خطرے کی گھنٹی بجادی

کوپن ہیگن (جانو ڈاٹ پی کے) ڈنمارک کی دفاعی انٹیلی جنس سروس نے خبردار کیا ہے کہ روس آئندہ چند ماہ کے دوران مغربی ممالک اور نیٹو کے خلاف ہائبرڈ کارروائیوں میں مزید اضافہ کرسکتا ہے۔ڈنمارک کی دفاعی انٹیلی جنس سروس (DDIS) کی تازہ تھریٹ اسیسمنٹ کے مطابق روس کی جانب سے نیٹو اور مغرب کے خلاف ہائبرڈ جنگ مزید شدت اختیار کرسکتی ہے، جبکہ نیٹو کے کسی ملک کے خلاف محدود فوجی حملے کا خطرہ اگرچہ کم ہے تاہم اس میں اضافہ ہورہا ہے۔انٹیلی جنس کے مطابق ممکنہ محدود کارروائی میں یوکرین کی حمایت سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو ڈرون یا میزائل حملوں کا نشانہ بنانا یا محدود تعداد میں روسی فوجیوں کا سرحدی علاقے میں داخل ہونا شامل ہوسکتا ہے۔
ڈنمارک کی انٹیلی جنس کے مطابق روس کا مقصد لازمی طور پر مکمل جنگ شروع کرنا نہیں بلکہ نیٹو کے اندر اختلافات پیدا کرنا اور اتحاد کے ردعمل کو جانچنا بھی ہوسکتا ہے۔ڈنمارک کی جانب سے جاری کردہ جائزے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ روس کی جانب سے نیٹو کے کسی ملک پر مکمل حملے کا امکان کم ہے، تاہم اسے مکمل طور پر خارج نہیں کیا جاسکتا۔
روس ماضی میں نیٹو ممالک کے خلاف ہائبرڈ کارروائیوں یا ایسے عزائم میں ملوث ہونے کے الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔



